نئی دہلی 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ٹامل نژاد سری لنکا کے شہریوں کے اتحاد نے آج وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی اور کہاکہ ٹامل نسلی شہریوں کے مسئلہ کی یکسوئی میں ہندوستان بڑا کردار ادا کرسکتا ہے۔ وفد کے قائد آر سمپنتن نے سشما سوراج سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی جڑیں ہندوستان میں رکھتے ہیں۔ اُن کا تمدن ہندوستانی ہے۔ ہر شئے ہندوستانی ہے اِس لئے ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جو اُن کے مسائل کی یکسوئی کے لئے بڑا کردار ادا کرسکتا ہے۔ وفد میں 6 ارکان پارلیمنٹ بھی شامل ہیں جنھوں نے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور شکایت کی کہ حکومت سری لنکا جمہوری ہیئت ترکیبی شمالی صوبہ میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔