واشنگٹن ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کیریئر فارین سرویس آفیسر الائنا بی ٹیپلٹز کو سری لنکا کے لئے امریکہ کا نیا سفیر نامزد کیا ہے۔ موصوفہ فی الحال نیپال میں امریکی سفیر کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ سینیٹ کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد الائنا ہندوستانی نژاد اتول کیشپ کی جگہ لیں گی جو فی الحال سری لنکا اور مالدیپ میں امریکی سفیر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ الائنا نے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں 1991ء میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی اسکول آف فارین سرویس بیچلر آف سائنس ان فارین سرویس کی ڈگری حاصل کی ہے۔