کولمبو ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر مہندا راجہ پکسے نے آج کہا کہ سری لنکا کو اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کی قرارداد کا سامنا نہیں ہونا چاہئے جبکہ انہوں نے امریکہ کو موردالزام ٹھہرایا کہ وہ ان کے ملک کو دھمکا رہا ہے۔ راجہ پکسے نے کولمبو میں بیرونی نامہ نگاروں سے خطاب میں کہا کہ قرارداد ایسی چیز ہے جو ہمارے لئے پریشان کن ہوگی۔ اس لئے کوئی کبھی کوئی قرارداد نہیں ہونی چاہئے۔ امریکی سرپرستی والی قرارداد پر ہندوستان کے موقف پر تبصرہ کرتے ہوئے راجہ پکسے نے کہا کہ ہندوستان کے موجودہ سیاسی ماحول کو سمجھنا ہوگا۔ ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف سابقہ قراردادوں کی تائید کی تھی اور امریکہ کے ساتھ ووٹ دیا تھا۔