سری لنکا کا سیاسی بحران بیرونی اور مقامی اقدار کی جنگ : سری سینا

کولمبو ۔10 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر سری لنکا میتھری پالا سری سینا نے ملک میں جاری سیاسی بحران کو بیرونی اور مقامی اقدار کی جنگ قرار دیا۔ اپنے آبائی مقام پولوناروا میں ایک جلسہ سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت جو سیاسی بحران جاری ہے وہ دراصل ایسے لوگوں کے درمیان ہے جن کی سوچ بیرونی طرز کی ہے اور ایسے لوگ جو مقامی اقدار کے دلدادہ ہیں۔ سری سینا کا یہ ریمارک دراصل بالواسطہ طور پر یونائیٹیڈ نیشنل پارٹی کی جانب تھا جس کے ساتھ سری سینا 2015ء سے نیشنل یونیٹی حکومت چلارہے ہیں اور اس شراکت داری کا خاتمہ 26 اکٹوبر کو اس وقت ہوا جب سری سینا نے اپنے وزیراعظم رانیل وکرم سنگھے کو اچانک عہدہ سے برطرف کردیا جو یو این پی کے قائد ہیں جس کی وجہ سے اس جزیری ملک میں کبھی بھی ایسا سیاسی بحران دیکھنے میں نہیں آیا۔ وکرم سنگھے کی برطرفی کی وجہ سے سیاسی بحران کی راہ ہموار کی گئی۔ حیرت انگیز بات یہ ہیکہ جب وکرم سنگھے کو برطرف کیا گیا ہے، سری سینا مسلسل ان کی (وکرم سنگھے) حکومت کی خامیوں کا تذکرہ کررہے ہیں جو دراصل یہ بتانے کی کوشش ہیکہ وکرم سنگھے کی برطرفی منصفانہ تھی۔