سری لنکا :پارلیمنٹ کی معطلی مزید10روز برقرار رکھنے کا فیصلہ

کولمبو،5نومبر(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے صدر میتری پالا سری سینا نے ایک بار پھر سری لنکا کی پارلیمنٹ کی معطلی مزید 10روز برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سری لنکا کے صدر نے اتوار کو اعلان کیا کہ 10روز میں پارلیمنٹ کی معطلی ختم کر دی جائے گی، اس سے پہلے سری لنکا کے صدر نے جمعہ کو اسپیکر سے چہارشنبہ کو پارلیمنٹ اجلاس بلانے کا کہا تھا۔سری لنکا کے صدر نے 26اکتوبر کو وزیراعظم رانل وکرم سنگھے کو عہدے سے ہٹا کر سابق سری لنکن صدر راجاپکشے کو نیا وزیراعظم نامزد کیا تھا اور پارلیمنٹ 16نومبر تک معطل کر دی تھی۔صدر کے اس اقدام کے بعد ملک میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہوگئی تھی اور نئے وزیراعظم کے حامیوں نے مختلف محکموں کے دفاتر پر دھاوا بول دیا تھا۔پٹرولیم وزارت کے دفتر پر راجہ پکسے کے حامیوں کے حملے کے دوران وزیرپٹرولیم ارجن رانا تنگا کے گارڈز کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک بھی ہوگیا تھا۔معزول وزیراعظم رانیل وکرم سنگھے نے صدر کے فیصلہ کو ماننے سے انکار کر دیا ہے ۔