میر پور ۔ڈھاکہ /6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو 6 وکٹ سے شکست دے کر سری لنکا ورلڈ ٹی 20 چمپئین بن گئی ہے ۔ ہندوستان نے سری لنکا کو جیت کیلئے 131 رن کا ہدف دیا تھا ۔ جسے سری لنکا نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 17.5 اوورس میں 134 رن بناکر ورلڈ ٹی 20 فائنل جیت لیا ۔ قبل ازیں میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کا ٹاس سری لنکا نے جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر ہندوستان نے اپنے مقررہ 20 اوورس میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے ۔ یہ اسکور اتنا مضبوط نہیں تھا ۔ سری لنکا کی بیٹنگ لائین کو دیکھتے ہوئے یہ اسکور بہت ہی کم تھا اور پھر ایسا ہی ہوا سری لنکا کے ماسٹر بیٹسمنوں کی جوڑی کمارا سنگاکارا 52 ناٹ آؤٹ اور سابق کپتان مہیلا جئے وردھنے نے 24 رن بناتے ہوئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی ۔ سنگاکارا کو بہترین مظاہرہ پر مین آف دی میچ دیا گیا ہے ۔ اوپنر دلشان 18 اورپریرا21 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ ہندوستان کے کھلاڑی موہیت شرما ‘ روی چندران اشون ‘ امیت مشرا اور سریش رانا نے ایک ایک وکٹ لی ۔
بنگلہ دیش میں جاری ورلڈ ٹوئنٹی 20 کرکٹ مقابلہ کے فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ہندوستان کی جانب سے اجنکیا راہنے اور روہت شرما نے اننگز کی شروعات کی اور پہلے اوور میں محتاط انداز اختیار کیا، تاہم دوسرے ہی اوور میں انجلیومیتھیوز نے راہنے کو بولڈ کرکے سری لنکا کو پہلی کامیابی دلائی ۔ وہ جب تک 3 رنز ہی بنا سکے تھے۔ اس نقصان کے بعد ویراٹ کوہلی اور روہت شرما نے محتاط انداز میں کھیلنا شروع کیا۔ ساتویں اوور میں سری لنکن کپتان ملنگا نے کوہلی کا کیچ بھی چھوڑا ، تاہم کوہلی نے اسی اوور میں ہیرات کو چھکا لگا کر دباؤ کم کیا۔ ڈھاکہ کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ بارش کی وجہ سے 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔
اس میچ کیلئے سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی اور سیکوگے پرسنا کی جگہ تشارا پریرا کو ٹیم میں جگہ دی گئی۔ جبکہ ہندوستان نے سیمی فائنل میں جیتنے والی ٹیم کو ہی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔ تادم تحریر ہندوستان نے 11 اوورس میں 65 رنز بنالئے تھے۔ دارالحکومت ڈھاکہ کے میرپور شہر میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے فیصلہ کن مقابلہ میں دونوں ملکوں کی ٹیم جیتنے کے لئے کوشاں ہے۔ آج ہونے والے دلچسپ مقابلے میں ایک طرف ایک ایسی ٹیم ہے جو پہلا ورلڈ ٹوئنٹی 20 خطاب جیتنے کے بعد سات سال انتظار کرکے اب دوبارہ فائنل میں آئی ہے، وہیں دوسری طرف ایک ایسی ٹیم ہے جس کے دل میں دوبارہ فائنل میں شکست کھانے کی کسک موجود ہے۔
اس ٹورنمنٹ میں ہندوستان وہ واحد ٹیم ہے جسے اس سیریز میں ایک بھی میچ میں شکست نہیں ہوئی۔ اس نے پاکستان کو پہلے میچ میں شکست دے کر اپنے ذہن کو پہلے بڑے دباؤ سے آزاد کرلیا جس کے بعد دھونی اپنے کھلاڑیوں کو جنگجوؤں کی طرح لڑاتے ہوئے فائنل تک لے آئے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت ورلڈ چمپین اور چمپینس ٹرافی کی فاتح ہے۔ اس لئے بھی ہر ہندوستانی کھلاڑی تیسرے بڑے خطاب کو حاصل کرنے کے لئے نسبتاً زیادہ بے تاب ہے۔ کپتان مہیندر سنگھ دھونی ایک ایسے موقع پر اپنی ٹیم کو ڈھاکہ لے کر آئے ہیں جبکہ آئی پی ایل اسکینڈل نے ہندوستانی کرکٹ کو بری طرح مجروح کررکھا ہے لیکن دھونی نے سکون و اطمینان کے ساتھ پورے ٹورنمنٹ میں صرف اور صرف کرکٹ پر توجہ مرکوز رکھی، تاہم ان کا کہنا ہے کہ بہت ساری چیزیں ان کے کنٹرول سے باہر ہیں جن کے بارے میں وہ نہیں سوچتے لیکن جو چیز ان کے کنٹرول میں ہے اس سمت وہ بڑھ سکتے ہیں۔