سری لنکا میں مسلم ۔ بدھسٹ جھڑپیں : 4 ہلاک

کولمبو 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا میں بدھسٹوں اور اقلیتی مسلمانوں کے مابین جھڑپیں ایک سیاحتی علاقہ تک پھیل گئی ہیں جہاں کرفیو کے باوجود کشیدگی پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے ۔ ان واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور آج سری لنکا حکومت نے فوج کو متعین کردیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان جھڑپوں میں کئی مکانات اور دوکانیں تباہ ہوگئی ہیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ سری لنکا کی فوج کو التگاما اور بیرو والا علاقوں میں متعین کردیا گیا ہے کیونکہ وہاں کشیدگی پھیل گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ پولیس کی خواہش پر وہاں فوج کو متعین کردیا گیا ہے ۔ مقامی شہریوں نے کہا کہ تشدد کے تازہ ترین واقعات میں ایک مقامی شخص کا گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا ہے ۔ اس طرح اب تک دو دن سے جاری نسلی تشدد میں مرنے والوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے ۔ علاوہ ازیں ان جھڑپوں میں 80 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ جھڑپیں نئے علاقوں تک پھیل گئی ہیں اور ان جھڑپوں پر قابو پانے کیلئے پولیس کی جانب سے کچھ بھی نہیں کیا گیا ۔ تاہم پولیس نے اس کی تردید کی ہے ۔