سری لنکا میں غیرمعینہ مدت کا کرفیو ،3 ہلاک

عوام کی جان ، مال اور عبادت گاہوں کا تحفظ کرنے امریکی مطالبہ
کولمبو۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا نے آج ملک کے دو مشہور سیاحتی مراکز ’’آلوتگاما‘‘ اور ’’پیرووالا‘‘ میں جو مسلم غالب آبادی والے علاقہ ہیں، غیرمعینہ مدت کا کرفیو نافذ کردیا جبکہ بدھ مت کے ماننے والوں کے ایک ہجوم نے اس علاقہ میں مسلمانوں کی ملکیت، دکانوں اور مکانوں کو نذرآتش کردیا۔ 3 افراد ہلاک اور تقریباً 100 افراد اکثریتی طبقہ بدھ مت کے قوم پرست گروپ کے حملے کے دوران جھڑپوں میں زخمی ہوگئے۔ متاثرہ علاقہ دارالحکومت کولمبو کے جنوب میں 7 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہیں۔ پولیس نے فسادیوں کو منتشر کرنے اور دونوں قصبوں میں جھڑپیں بند کروانے کے لئے آنسو گیاس استعمال کی۔ صدر سری لنکا مہندا راجہ پکسے جو بولیویا کے دورہ پر ہیں، کہا کہ وہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھوں میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔ دریں اثناء امریکی سفارت خانہ برائے سری لنکا نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ نظم و قانون بحال کرے۔ شہریوں کی جان و مال، جائیدادوں اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور حملوں کی تحقیقات کروائے اور خاطیوں کے ساتھ انصاف کو یقینی بنایا جائے۔ امریکی سفارت خانہ نے کہا کہ وہ تمام فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ تشدد سے باز آجائیں ، صبر و تحمل اختیار کریں اور قانون کی حکمرانی کا احترام کریں۔