سری لنکا میں دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں کی تعداد 290ہوئی

کولمبو، 22اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا میں اتوار کو ہوئے دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 290ہوگئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 500سے زیادہ ہے ۔سری لنکا میں اتوار کو ایسٹر کے موقع پر ہوئے بم دھماکوں میں مارے گئے لوگوں میں پانچ ہندستانی بھی شامل ہیں۔پولیس کے ترجمان ایس پی روون گنا سیکرا نے اس معاملہ میں اب تک 24مشتبہ افراد کو گرفتار کئے جانے کی تصدیق کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جانچ جاری ہے اور پیر کی صبح دم بلا سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔سری لنکا کے وزیراعظم رانل وکرم سنگھے نے کہاکہ گرفتار کئے گئے تمام مشتبہ افراد مقامی شہری ہیں۔صدر میتری پالا سری سینا نے پیر کو قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ طلب کی ہے ۔ حملے کے وقت وہ ملک سے باہر تھے ۔مقامی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق معاملے کی جانچ کررہی پولیس حملے کے تعلق سے ہوشیار کرنے میں خفیہ ایجنسیوں کی ناکامی سے متعلق رپورٹوں کی بھی جانچ کرے گی۔ترجمان نے بتایا کہ اتوار کو غیرمعینہ مدت کے لئے لگایا گیا کرفیو صبح ہٹا دیا گیا ہے اور ٹریفک معمول پر آگیا ہے ۔ بہرحال اسکول پیر اور منگل کو بند رہیں گے ۔پولیس نے بتایا کہ پورے ملک میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کولمبو کے اہم ہوائی اڈہ کے نزدیک ایک طاقتور پائپ بم بھی پایا گیا جسے سری لنکا کی فضائیہ نے ناکارہ کردیا ہے ۔ ملک میں تیار کردہ یہ پائپ بم اتوار کی دیر رات اہم ٹرمنل کی طرف جانے والی سڑک پر ملا تھا۔اتوار کو پہلا دھماکہ ملک کی راجدھانی کولمبو کے کوزی کوڈ علاقہ میں اینتھونی چرچ اور دوسرا دھماکہ راجدھانی کے باہری علاقہ نوگومبو میں سینٹ سیبسٹے ئن چرچ میں جبکہ تیسرا دھماکہ بٹی کالاو کے جیون چرچ میں ہوا تھا۔