حیدرآباد۔ 21 اپریل (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سری لنکا میں عیسائیوں کے تہوار ایسٹر کے دوران آج متعدد مقامات پر سلسلہ وار دھماکوں میں بڑے پیمانے پر بے قصور افراد کی ہلاکتوں پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ ایک انتہائی ہولناک اور وحشیانہ حملہ ہے۔ کے سی آر کے دفتر سے جاری سرکاری بیان میں مہلوکین کے ورثاء سے تعزیت اور زخمیوں سے عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔ جزیرہ نما ملک کے کئی گرجا گھروں اور لگژری ہوٹلوں میں اتوار کو ایسٹر کے موقع پر تقریباً بہ یک وقت سلسلہ وار دھماکے ہوئے جس کے نتیجہ میں کم سے کم 160 افراد ہلاک اور دیگر 450 زخمی ہوگئے۔