سری لنکا میں تحقیقات جاری، مزید 16 افراد گرفتار

مجسٹریٹ کی عدالت کے عقب میں معمولی دھماکہ، 5 ہزار سپاہی تعینات
کولمبو ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے حکام نے پنجشنبہ کو فوج کی مدد سے اپنے دھاوؤں میں شدت پیدا کردی ہے اور مزید 16 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ زیرحراست لوگوں سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور گذشتہ اتوار کو بم دھماکوں سے ان کے تعلق کا پتہ چلایا جارہا ہے۔ بعض سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ 16 افراد کی چہارشنبہ کو گرفتاری کے بعد گرفتار شدہ مشتبہ افراد کی جملہ تعداد 76 ہوگئی ہے۔ گرفتار ہونے والے اکثر لوگوں کا حکام کو شبہ ہیکہ این آئی جی سے تعلق ہے تاہم اس تنظیم نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے بلکہ اس کے برعکس داعش نے نہ صرف ان کی ذمہ داری قبول کی بلکہ خودکش بمبار کی بھی شناخت ظاہر کی ہے جنہوں نے یہ تباہ کن حملے کئے تھے۔ سارے ملک میں 5 ہزار فوجیوں کو تعینات کردیا گیا ہے۔ فوج کے ترجمان بریگیڈیئر سومیتھ اٹاپٹو نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا ہم نے 6500 سپاہیوں کو معمور کیا ہے جن میں ایرفورس کے 1000 سپاہی اور بحریہ کے 600 سپاہی شامل ہیں۔ دریں اثناء مغربی صوبے میں ایک مجسٹریٹ کی عدالت کے عقب میں ایک معمولی دھماکہ ہوا۔