کولمبو 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے رکن ممالک فیصلہ کریں گے کہ کیا سری لنکا میں مبینہ جنگی جرائم کی بین الاقوامی تحقیقات کروائی جاسکتی ہیں، جبکہ ملک میں نسلی منافرت کی بنیاد پر جھڑپیں جاری تھیں۔ اقوام متحدہ کے کارگذار نائب ترجمان فرحان حق نے اپنی ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل امکان ہے کہ جنیوا میں مسلسل تیسری قرارداد آئندہ ماہ پیش کرے گی جس میں انسانی حقوق کی جوابدہی اور ٹامل اقلیت کے ساتھ سمجھوتہ کے سلسلہ میں پیشرفت کے فقدان کی بناء پر سری لنکا کی حکومت کی سرزنش کی جائے گی۔ سری لنکا کی حکومت کو اندیشہ ہے کہ اِس قرارداد کی منظوری سے بین الاقوامی آزادانہ تحقیقات کی راہ ہموار ہوگی۔ 2009 ء میں ایل ٹی ٹی ای کے ساتھ جنگ کے آخری مرحلہ میں مبینہ طور پر حکومت سری لنکا نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔