سری لنکا قبل از وقت ملنے والی انٹلیجنس اطلاع پر عمل نہ کرنے کیلئے معذرت خواہ

کولمبو ۔ 23 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سری لنکا کی حکومت نے بم دھماکوں سے قبل حاصل ہونے والے انٹلی جنس مواد پر بر وقت کارروائی کرنے میں ناکامی کے لیے معافی مانگی ہے ۔ سری لنکا کی حکومت کے ترجمان راجیتا سینا رائنا نے کہا کہ بم دھماکوں سے چند روز قبل انتباہ دیا گیا تھا ۔ انہوں نے سی این این کو بتایا کہ ہم نے چوکسی کا انتباہ بھی دیکھا اور ہم نے اس سلسلے میں فراہم کردہ تفصیلات کا مشاہدہ بھی کیا ۔ ہمیں بہت زیادہ افسوس اور افسوس ہے ۔ ہم بہ حیثیت حکومت یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم ان خاندانوں اور اداروں سے معافی کے خواستگار ہیں جو ان واقعات سے متاثر ہوگئے ۔ راجیتا سری لنکا کے وزیر صحت بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ تمام خاندانوں کو معاوضہ دیا جائے گا اور تباہ ہونے والے چرچوں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا ۔ تاہم انہیں اس بات کا یقین نہیں کہ کسی مقامی گروپ نے تنہا یہ کام کیا ہو ۔ اس کے پیچھے ایک بہت ہی وسیع عالمی نیٹ ورک نظر آتا ہے ۔ کہا جارہا ہے کہ نیشنل توحید جماعت کے سات فدائین نے ان خود کش حملوں کو انجام دیا ۔۔