سری لنکا سے ’پاکستانیوں کی ملک بدری‘کو عدالتی منظوری

کولمبو۔ 2 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کی ایک عدالت نے سیاسی پناہ کے خواہاں پاکستانیوں کو ملک بدر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ کولمبو حکومت کا موقف ہے کہ وہ ملک کی سلامتی اور صحت عامہ کیلئے خطرہ ہیں۔ سری لنکا کے ڈپٹی سالیسٹر جنرل جنک ڈی سلوا نے اپیل کورٹ سے ملک بدر کئے جانے پر قبل ازیں عائد کی گئی پابندی اٹھانے کی استدعا کی تھی۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ پاکستانی شہری جرائم کے مرتکب ہو رہے ہیں اور سری لنکا میں ملیریا پھیلانے کا باعث بن رہے ہیں جبکہ ان کا ملک پہلے اس بیماری سے بالکل پاک تھا۔ ڈی سلوا کا کہنا تھا کہ ان باتوں کے ثبوت موجود ہیں۔ایک 38 سالہ پاکستانی خاتون نے قانونی درخواست دائر کی تھی۔ اس کے بھائی، والد کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور انہیں ملک بدر کیا جا سکتا تھا۔اس خاتون نے بیان کیا تھا کہ اس کے خاندان کو ان کے دعووں کا مناسب طور پر جائزہ لیے بغیر سری لنکا سے نکالا جا رہا ہے۔