کولمبو ۔ 31 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام): سری لنکا میں آئے زبردست سیلاب میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 202 ہوگئی جب کہ 94 افراد ہنوز لاپتہ بتائے گئے ہیں ۔ 2003 ء سے اب تک سری لنکا میں یہ بدترین سیلاب تھا جس کی وجہ سے لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ۔ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ (DMC) کا کہنا ہے کہ انتہائی خراب موسم اور لگاتار بارش کی وجہ سے سیلاب نے 163,701 خاندانوں کے 629,742 افراد کو متاثر کیا جب کہ ڈی ایم سی کے مطابق 1505 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جب کہ 7617 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے ۔ البتہ محکمہ آبپاشی نے آج صبح ایک اچھی خبر یہ سنائی کہ مختلف علاقوں میں پانی کی سطح میں بتدریج کمی ہورہی ہے جس کی وجہ بارش کا کم ہوجانا ہے ۔ دریائے کالو گنگا اور جن گنگا میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ جس سے سیلابی کیفیت بھی از خود کنٹرول میں آگئی ۔ دوسری طرف متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور راحت کاری جاری ہے ۔ غوطہ خور بھی پانی کی گہرائیوں میں جاکر لاپتہ ہوجانے والوں کی نعشوں کو تلاش کررہے ہیں اور میڈیکل ٹیم بھی شبانہ روز عارضی خیموں میں مریضوں کا علاج کررہی ہے ۔۔