سری لنکا دہشت گرد حملے : مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 359

کولمبو۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چہارشنبہ کو پولیس نے بیان دیا ہے کہ سری لنکا دہشت گرد حملے میں مرنے والوں کی تعداد 359 تک پہنچ چکی ہے۔ ان بم حملوں میں 500 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے تھے۔ یہ بم اندازی کے واقعات ایسٹر سنڈے کے موقع پر ہوئے تھے۔ پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ بم اندازی میں ملوث افراد کو گرفتار کیا جاسکے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ابھی 60 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ وزیر دفاع روان وجئے وردھنے نے ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی میں بہت بڑے پیمانے پر کوتاہیاں ہوئی ہیں اور حکومت اس کی پوری ذمہ داری لیتی ہے۔ اس دوران صدر سری لنکا مائتری پالا سری سینا نے اپنے اعلان میں سکیورٹی ایجنسیوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا اشارہ دیا ہے۔ وجئے وردھنے نے کہا کہ ایک خودکش حملہ آور برطانیہ میں تعلیم حاصل کرکے آسٹریلیا میں پوسٹ گریجویشن مکمل کرنے کے بعد سری لنکا واپس آکر بس گیا تھا۔دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔