نئی دہلی ۔ یکم اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے سری لنکا کی وزارت دفاع کی ویب سائیٹ پر ایک قابل اعتراض مضمون کی اشاعت پر شدید اعتراض کیا ہے ۔ اس مضمون میں چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ ہندوستان نے اس پر سری لنکا سے شدید احتجاج بھی درج کروایا اور سری لنکا سے اس مضمون کو ویب سائیٹ سے نکالنے اور معذرت خواہی کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ سری لنکا نے ہندوستان کے شدید احتجاج کے بعد اس مضمون کو اپنی ویب سائیٹ سے نکال دیا ہے ۔
مضمون کی اشاعت پر ہندوستان میں شدید ناراضگی ظاہر کی گئی ۔ ٹاملناڈو میں بھی تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جئے للیتا کی حمایت کی ہے ۔ جئے للیتا نے اپنے رد عمل میں کہا کہ سری لنکا میں اس مضمون کی اشاعت در اصل ہندوستان میں اختلافات کو ہوا دینا ہے ۔ ملک میں ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے کولمبو میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے یہ مسئلہ حکومت سری لنکا کے ساتھ رجوع کیا ۔ بعد ازاں وزارت دفاع کی جانب سے ویب سائیٹ سے یہ مضمون نکال دیا گیا اور وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا بھی غیر مشروط معذرت خواہی کی گئی ہے ۔ سری لنکا کی وزارت دفاع کی جانب سے ویب سائیٹ پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم وزیر اعظز نریندر مودی اور چیف منسٹر ٹاملناڈو جئے للیتا سے غیر مشروط معذرت خواہی کرتے ہیں۔