کولمبو۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن پارٹیوں کے لاکھوں حامیوں نے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت بدعنوان ہے اور قومی اثاثہ جات غیرملکیوں کے ہاتھ فروخت کررہی ہے۔ سابق صدر مہندا راجہ پکسا کے وفادار حامی کئی شاہراہوں پر جلوس کی شکل میں نعرہ بازی کرتے ہوئے اور پلے کارڈس اُٹھائے ہوئے صدر سری لنکا کے دفتر پر جمع ہوئے اور انہوں نے شاہراہ پر دھرنا دیا۔ راجہ پکسا کے وفاداروں نے حکومت پر تنقید کی کہ وہ قومی اثاثہ جات ،بیرونی ممالک کے ہاتھ فروخت کررہی ہے۔ مثال کے طور پر ملک کی بندرگاہ چین کو 99 سال کی لیز پر دے دی گئی ہے۔ حکومت اچھی حکمرانی فراہم کرنے کے انتخابی تیقن پر منتخب ہوئی تھی، لیکن اس کی شبیہ 2015ء سے مسخ ہوگئی جبکہ حکومت سنٹرل بینک اسکینڈل میں ملوث ہوگئی جس کے نتیجہ میں ایک وزیر کو اپنے عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑا۔