سری لنکا اب بالکل محفوظ، حالات معمول پر : پولیس

کولمبو ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایسٹر کے موقع پر سری لنکا کے جس چرچ پر حملے کئے گئے تھے اس پر حملہ کرنے والے تمام اسلامی انتہاء پسندوں کو یا تو ہلاک کیا جاچکا ہے یا وہ گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ سری لنکائی پولیس اور فوجی سربراہان نے یہ دعویٰ کیا اور یہ بھی کہا ہیکہ اب ملک کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے اور حالات معمول پر لوٹ آئیں گے۔ ملک کی تینوں افواج کے کمانڈرس اور پولیس سربراہان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21 اپریل کو بمباری کے واقعہ کے بعد جس میں 257 افراد ہلاک ہوگئے تھے، سیکوریٹی میں زبردست اضافہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر نگران کار انسپکٹر جنرل آف پولیس چندنا وکرمارتنے بھی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ تین چرچس اور تین لگژری ہوٹلس پر حملہ کرنے والے تمام حملہ آور یا تو ہلاک کردیئے گئے ہیں یا انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔