کولمبو ۔ 8 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا اور اُن کے پیشرو مہندا پکسے کے علاوہ دیگر سیاسی قائدین نے ہندوستانی ریاست تملناڈو کے سابق وزیراعلیٰ ایم کروناندھی کے انتقال پر گہرے دُکھ کااظہار کیااور سیاست اور سینما کے شعبوں میں اُن کی خدمات کو سراہا ۔ 94 سالہ کروناندھی جو تملناڈو کے پانچ بار وزیراعلیٰ رہے ، کا کل چینائی کے کاویری ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا تھا ۔آنجہانی گزشتہ گیارہ دنوں سے ہاسپٹل میں موت اور زیست کی کشمکش میں مبتلا تھے۔ وزیراعظم سری لنکا انیل وکرم سنگھے نے بتایا کہ انھوں نے حال ہی میں آنجہانی کے فرزند اسٹالن سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے اُن کی ( کروناندھی) صحت کے بارے میں تفصیلات حاصل کی تھیں۔