سری لنکائی بحریہ کے حملہ میں 50 مچھیرے زخمی

رامیشورم 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی بحریہ کے حملہ میں رامیشورم سے تعلق رکھنے والے 50 مچھیرے زخمی ہوگئے۔ کچا تھیوو جزیرہ کے قریب سری لنکا کی بحریہ نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور اُس کے بعد حیرت انگیز طور پر ہندوستانی مچھیروں پر سنگباری شروع کردی۔ اُنھوں نے اس دوران شیشے کی بوتلوں کا بھی استعمال کیا اور مچھیروں کی 30 کشتیوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ مچھلی پکڑنے کے جال بھی کتردیئے۔ وہاں سے فرار ہونے کی افراتفری میں ایک کشتی کے دوسری کشتی سے ٹکرا جانے پر ایک کشتی غرقاب ہوگئی لیکن اُس میں موجود پانچ مچھیروں کو دیگر مچھیروں نے ڈوبنے سے بچالیا۔ پولیس نے بتایا کہ سری لنکائی بحریہ نے 19 مچھیروں کو گرفتار کرلیا اور بعدازاں اُنھیں ان کی کشتیوں کے ساتھ منار لیجایا گیا۔ تمام زخمیوں کو یہاں کے خانگی ہاسپٹل یں شریک کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ تمام زخمی مچھیرے 2000 مچھیروں کے اس گروپ میں شامل تھے جو گزشتہ شب 400 کشتیوں میں سوار ہوکر سمندر میں مچھلیاں پکڑنے نکلے تھے۔