انتخابات سے قبل ایک ہفتہ میں کانگریس کے 4 قائدین کیخلاف کارروائی
حیدرآباد ۔ /13 ستمبر (سیاست نیوز) قبل از وقت انتخابات کے اعلان کے بعد ٹی آر ایس حکومت نے اپنے حلیف جماعتوں کو پولیس کے ذریعہ نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور آئے دن کسی نہ کسی قائد کے خلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ گزشتہ ہفتہ 14 سالہ قدیم انسانی اسمگلنگ کیس میں جگاریڈی کا گرفتاری اور اس کے بعد دیگر کانگریس لیڈر گنڈرا وینکٹ رمنا ریڈی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے حکومت نے ایک اور کانگریس لیڈر ریونت ریڈی کو قدیم کیس جس کا تعلق جوبلی ہلز ہاؤزنگ سوسائیٹی سے ہے کو پولیس کی جانب سے نوٹس جاری کی گئی تھی لیکن آج ایک اور تازہ کارروائی میں پولیس نے قطب اللہ پور کے کانگریس کے سابق رکن اسمبلی سری سیلم گوڑ کے خلاف ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ جگت گری گٹہ پولیس نے ٹی آر ایس کارکن روی کی شکایت پر کانگریس کے سابق رکن اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ کانگریس قائدین کا یہ الزام ہے کہ قبل از وقت انتخابات کے اعلان کے بعد چیف منسٹر پولیس مشنری کا بیجا استعمال کرتے ہوئے اپوزیشن کو خوفزدہ کرنے کیلئے فرضی مقدمات میں ماخوذ کرتے ہوئے انہیں ہراساں کیا جارہا ہے ۔ اسی طرح بی جے پی کے گوشہ محل رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو بھی عابڈس پولیس نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 ستمبر کو تحقیقاتی عہدیدار کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی ۔