حیدرآباد 23 اگست (سیاست نیوز) کرناٹک میں پھر زبردست بارش کی وجہ سے سری سیلم پراجیکٹ میں پانی کے بہاؤ میں غیرمعمولی اضافہ ہوا جس کے نتیجہ میں دوبارہ سری سیلم کے 8 گیٹس کو کھول دیا گیا۔ اس طرح سری سیلم کے ذریعہ ناگرجنا ساگر کیلئے پانی کثیر مقدار میں یعنی 8.20 لاکھ کیوزکس چھوڑ دیا جارہا ہے۔ سری سیلم کی جملہ سطح آب 885 فیٹ کے منجملہ فی الوقت 883.5 فیٹ سے زائد ہوچکی ہے۔ علاوہ ازیں سری سیلم میں پانی کے ذخیرہ کی گنجائش 215 ٹی ایم سی ہے ۔ فی الوقت سطح زائد از 207 ٹی ایم سی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ ناگرجنا ساگر میں دریائے کرشنا سے پانی کے تیز بہاؤ سے پراجیکٹ میں پانی کی جملہ گنجائش 312 ٹی ایم سی کے منجملہ فی الوقت پراجیکٹ میں پانی کی مقدار زائد از 227.2912 ٹی ایم سی ہے۔ ناگرجنا ساگر کی جملہ سطح آب 590 فیٹ ہے ‘ فی الوقت یہاں سطح آب زائد از 557.80 فیٹ ہوچکی ہے اور پانی پانی کی آمد اس تیز رفتار سے برقراری رہنے پر ناگرجنا ساگر میں 24 اگست کی صبح تک پانی کی سطح آب میں زائد از 560 فٹ ہوجانے کی توقع ہے۔