سری رام نومی جلوس کیلئے سخت سیکوریٹی انتظامات: کمشنر پولیس

حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) سری رام نومی تہوار کے دوران نکالی جانے والی شوبھا یاترا کیلئے پولیس نے سیکورٹی کے انتظامات کئے ہیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار اور کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور نے رام نومی جلوس گذرنے والے راستوں کا معائنہ کیا۔ سیتا رام باغ علاقہ سے شوبھا یاترا کا آغاز ہوگا جس کا اختتام سلطان بازار ہنومان ٹیکری میں ہوگا۔ اس موقع پر انجنی کمار نے کہا کہ سری رام نومی شوبھا یاترا کے پیش نظر سڑکوں کی مرمت اور تعمیراتی ملبہ کو صاف کروایا گیا ہے اور 600 اضافی لائٹس کا بھی انتظام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ریالی پر مکمل طور پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ کڑی نظر رکھی جائے گی اور سٹی پولیس کے کمانڈ کنٹرول سنٹر سے حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں سے سری رام نومی جلوس کا پرامن طور پر انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے اور اس مرتبہ بھی بھاری پولیس فورس متعین کی جارہی ہے۔