کسان، کالیشورم پراجکٹ سے ثمرات کے حصول کیلئے منتظر، چیف منسٹر کا دورہ اور معائنہ
حیدرآباد۔4جون(سیاست نیوز) کالیشورم کے ذریعہ سری رام ساگر پراجکٹ میں پانی جمع کرنے کا عمل جاریہ سال شرو ع کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج سری رام ساگر پراجکٹ کا معائنہ کرتے ہوئے اسے سیر آب کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ 15 جولائی 2019 تک سری رام ساگر میں پانی چھوڑنے کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی اور کہا کہ ریاست کے عوام بالخصوص کسان کالیشورم پراجکٹ سے حاصل ہونے والے ثمرات کے منتظر ہیں اور حکومت کی اولین ترجیحات میں کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ ریاست کی زرعی اراضی کو سیر آب کرنے کے علاوہ ریاست کے 80حلقہ جات اسمبلی میں پینے کے پانی کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔چیف منسٹر نے کالیشورم پراجکٹ کے ترقیاتی و تعمیری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ تمام واٹر پمپ کو شروع کرنے کے اقدامات کریں ۔انہو ںنے سری رامپور میں موجود 8واٹر پمپ کا معائنہ کرتے ہوئے انہیں فوری شروع کرنے کے احکام جاری کرتے ہوئے کہا کہ سری رام ساگر کے احیاء کا مقصد اطراف کے علاقوں میں موجود زرعی اراضی کو سرسبز و شاداب بنانا ہے۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ اندرون ایک ماہ 5واٹر پمپ کو کارکرد بنانے کے اقدامات کریں اور ان کے ذریعہ پانی کی سربراہی کا عمل شرو ع کیا جائے۔انہوں نے مابقی 3 واٹر پمپس کے کاموں کو اگسٹ تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کی خواہشات کے مطابق خدمات انجام دے رہی ہے اور عوام کو حکومت کی جانب سے انجام دی جانے والی سرگرمیوں کے ثمرات حاصل نہ ہوں تو عوام میں برہمی پیدا ہونے لگتی ہے ۔چیف منسٹر نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ انتہائی اہمیت کا حامل پراجکٹ ہے جس کے ذریعہ ریاست تلنگانہ کے 80فیصد عوام کی پینے کے پانی کی ضرورت کو پوار کیا جاسکتا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں اس پراجکٹ کی اہمیت کا اندازہ حکومت اور عوام کو ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے اس پراجکٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوںنے بتایا کہ کسی اور مقام پر یہ پراجکٹ شروع کیا جاتا تو اس کیلئے 20تا25سال درکار ہوتے لیکن تلنگانہ میں اندرون 2.5 سال پراجکٹ کے انتہائی اہم امورکو مکمل کرلیا گیا ہے۔چیف منسٹر کے ہمراہ اس موقع پر ریاستی وزیر مسٹر وی پرشانت ریڈی ‘ مسٹر راجیشور ریڈی چیف وہپ کے علاوہ مقامی قائدین اور ادارہ جات مقامی کے نمائندے اور اعلی عہدیدار موجود تھے۔مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بتایا کہ آئندہ ماہ کے وسط میں کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ سری رام ساگر پراجکٹ کے احیاء کے اقدامات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی اور اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ گوداوری کے بہاؤ کے جاری رہنے تک کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ پانی کو پمپ کرنے کا سلسلہ جاری رہے اور ریاست کے پراجکٹس میں آبی قلت کو دور کیا جائے۔