راہول گاندھی ‘ اڈوانی ‘ چیف منسٹرس اور دیگر زبان کے اداکاروں کا اظہار غم
ممبئی ۔ 25فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) نامور اداکارہ سری دیوی کی اچانک موت سے پوری ہندوستانی صنعت فلم سازی کو صدمہ پہنچا ۔ بالی ووڈ اداکاروں جیسے امیتابچھ بچن ‘ رشی کپور ‘ رجنی کانت ‘ کمل ہاسن اور دیگر نے سری دیوی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ۔ سری دیوی 54سال کی تھیں جن کا انتقال ہفتہ کی رات دیر گئے ہوا ۔ مبینہ طور پر دبئی میں جہاں وہ اپنے بھانجے موہت ماروا کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے گئی ہوئی تھیں ۔ قلب پر حملہ سے انتقال کرگئیں ۔ ان کی موت کی خبر پوری صنعت فلم سازی میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ‘ ان کے ہم عصروں مادھوری ڈکشٹ ‘ پرینکا چوپڑہ ‘ رتیش دیشمکھ ‘ رجنی کانت اور کمل ہاسن نے اظہار تعزیت کیا ۔ کمل ہاسن سری دیوی کے ساتھ 1982ء میں فلم ’’صدمہ ‘‘ میں کام کیا تھا ۔ ان کی فلم ’’چاندنی ‘‘ اور ’’ نگینہ ‘‘ بہت شہرت حاصل کرچکی ہیں ۔ ڈائرکٹر شیکھر کپور ‘ سبھاش گھائی ‘ اداکار و بی جے پی ایم ہیما مالینی ‘ انوپم کھیر ‘ بنسل مہیتا ‘ اداکار اکشے کمار اور عالیہ بھٹ نے بھی ان کے اچانک انتقال پر صدمہ کا اظہار کیا ۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب صدر کانگریس راہول گاندھی نے سری دیوی کے اچانک انتقال پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک باصلاحیت اور رنگارنگ کردار ادا کرنے والی اداکار قرار دیا ۔ نامور سیاستداں ایل کے اڈوانی نے سری دیوی کے انتقال پر اظہار رنج کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بالی ووڈ کیلئے بہت کچھ کیا ہے ۔ سری دیوی کے مداحوں نے ان کی قیام گاہ پر جمع ہوکر ان کی نعش پر پھول چڑھائے اور خراج عقیدت پیش کیا ۔ پٹنہ موصولہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر بہار نتیش کمار ‘ چیف منسٹر کیرالا پی وجین ‘ چیف منسٹر اترا کھنڈ ٹروینڈرم سنگھ ‘ چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے ‘ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے بھی ان کے اچانک انتقال پر اظہار رنج کرتے ہوئے ان کی اداکارانہ صلاحیتوں کی ستائش کی اور ان کے انتقال کو صنعت فلم سازی کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ۔ کرکٹ کے افسانوی کھلاڑی سورو گنگولی نے ان کی اچانک موت پر اظہار رنج کیا ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ وہ نئی نسل میں بہت مقبول تھیں اور ان کی کمی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔