سری دیوی، بیٹی کی اعلیٰ تعلیم کی خواہاں

ممبئی ۔ 18 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) گزرے زمانے کی سوپر ہٹ ہیروئن سری دیوی نے یوں تو ایک عرصہ بعد ’ انگلش ونگلش ‘ نامی فلم سے واپسی کی تھی جو ہٹ ثابت ہوئی تھی لیکن فلمی پارٹیوں میں وہ اکثر اپنی بڑی بیٹی جھانوی کے ساتھ نظر آتی ہیں جس پر فلمی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ وہ جلد ہی اپنی بیٹی کو بھی لانچ کرنے والی ہیں ۔ ایک حالیہ تقریب میں جب سری دیوی سے اس بارے میں میڈیا نے بات کی تو وہ میڈیا پر برس پڑیں اور کہا کہ بیٹی کے ساتھ کسی تقریب میں شرکت کرنا بھی اب ان کیلئے مشکل ہوگیا ہے ۔ جھانوی ابھی پڑھائی کررہی ہے ۔ جب تک اس کی تعلیم مکمل نہ ہوجائے ہم اُسے ہیروئن بنانے کا سوچ بھی نہیں سکتے ۔ جس طرح دیگر پیشہ اختیار کرنے والوں کو اعلیٰ تعلیم کی ضرورت پڑتی ہے لہذا وہ بھی اپنی بیٹی کو اعلیٰ تعلیم دلوانا چاہتی ہیں۔