سڈنی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی شٹلر کڈمبی سریکانت نے موجودہ اولمپک اور ورلڈ چمپئن چن لونگ کو آسٹریلین اوپن کے فائنل میں آج شکست دیتے ہوئے اپنا چوتھا سوپر سیریز ٹائیٹل جیت لیا۔ عالمی نمبر 11 سریکانت نے عالمی نمبر 6 چینی حریف کے خلاف 45 منٹ کے مقابلے میں 21-16 ، 22-20 سے کامیابی حاصل کی۔ چینی شٹلر چن لانگ دو مرتبہ آل انگلینڈ چمپئن بھی رہے ہیں۔ کڈمبی سریکانت کی یہ مسلسل دوسری فتح ہے۔ اُنھوں نے گزشتہ ہفتہ انڈونیشیا اوپن سوپر سیریز پریمئر ٹائیٹل حاصل کیا تھا۔ سریکانت نے اپنی کامیابی کے بعد کہاکہ ’’مجموعی طور پر میں بہت خوب کھیلا ہوں۔ لیکن جب سے میں سڈنی آیا ہوں مجھے ترشی، تیزابیت، دست و قئے کی شکایت تھی۔ چنانچہ میری جسمانی حالت ٹھیک نہیں تھی۔ جس کے باوجود میں فائنل میں کامیاب ہوا کیوں کہ میں چاہتا تھا کہ ممکنہ حد تک بہتر انداز میں کھیلا جائے‘‘۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ ’’محض بات یہ تھی کہ میں کسی ہار یا جیت کے بارے میں نہیں سوچ رہا تھا۔ میں مسابقتی بیڈمنٹن سے محروم رہا اور چاہتا تھا کہ میں سے بھرپور لطف اٹھاتا رہوں۔ اور ایسا ہی ہوا۔ کیوں کہ میں مسابقتی بیڈمنٹن سے دور رہا‘‘۔ سریکانت چوٹی کے مقابلے میں داخل ہونے والے دنیا کے پانچویں کھلاڑی ہیں جو اس مقابلے سے قبل لگاتار سنگاپور اور انڈونیشیا سوپر سیریز کے فائنلس میں بھی پہونچے تھے۔ ہندوستانی کڈمبی سریکانت گزشتہ سال اس مقابلے کے سیمی فائنل میں پہونچے تھے۔ سریکانت کے لئے یہ فتح نہ صرف حوصلے بلند کرے گی بلکہ اس نحوست کا خاتمہ بھی ہوگی جس کے سبب اُنھیں گزشتہ پانچ مقابلوں میں چن لونگ کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی تھی۔
سریکانت کیلئے 5 لاکھ کے رقمی انعام کا اعلان
نئی دہلی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) بیڈمنٹن اسوسی ایشن آف انڈیا (بی اے آئی) نے سڈنی میں آج آسٹریلین اوپن سوپر سیریز جیتنے والے شٹلر کڈمبی سریکانت کو 5 لاکھ روپئے کا نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ 24 سالہ کڈمبی سریکانت اپنی کامیابیوں کی دوڑ جاری رکھتے ہوئے لگاتار دو سوپر سیریز ٹائیٹل جیتنے والے پہلے ہندوستانی مرد شٹلر بن گئے ہیں۔ اس تاریخی موقع پر بی اے آئی کے صدر ہمینتا بسواس شرما نے اس بیڈمنٹن کھلاڑی کے لئے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ سریکانت نے نہ صرف اپنا چوتھا سوپر سیریز خطاب جیتا ہے بلکہ لگاتار تین سوپر سیریز کے فائینلس تک رسائی کرنے والے دنیا کے چھٹویں بیڈمنٹن کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
TUV300 ،سریکانت کو مہندرا کا تحفہ
چینائی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) نامور صنعت کار اور مختلف صنعتی اداروں پر مشتمل مہندرا گروپ کے چیرمین آنند مہندرا نے آج کہاکہ آسٹریلین اوپن سوپر سیریز ٹائیٹل جیتنے والے شٹلر کڈمبی سریکانت کو وہ شخصی طور پر ایک TUV300 پیش کریں گے۔ مہندرا نے ٹوئٹر پر لکھا ہے ’’ٹھیک ہے! ان (سریکانت) کے جنگی جذبہ پر ہمیں فخر محسوس ہوتا ہے۔ ایک اسٹیم رولر ایک جنگجو یقینا ایک جنگی توپ کا مستحق ہوتا ہے۔ کڈمبی سریکانت کو ایک مہندرا TUV300 میں شخصی طور پر تحفہ دوں گا‘‘۔ آنند مہندرا ایک ٹوئیٹ کا جواب دے رہے تھے۔
ایک شخص نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا تھا کہ ’’صاحب، اُنھیں (سریکانت کو) صرف پانچ لاکھ روپئے ملے ہیں جو کرکٹ کے مقابلے کچھ نہیں ہے۔ برائے مہربانی آپ کچھ کیجئے‘‘۔
کڈمبی سریکانت کو مودی کی مبارکباد
نئی دہلی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی، مایہ ناز کرکٹر سچن تنڈولکر اور دیگر کئی اہم شخصیات نے کڈمبی سریکانت کو آسٹریلین اوپن ٹائیٹل پر فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بھرپور ستائش کی ہے۔ سریکانت کا یہ چوتھا سوپر سیریز خطاب ہے اور وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) نے سرکردہ شٹلر کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم کے دفتر نے ٹوئیٹ کہاکہ ’’وزیراعظم نریندر مودی نے ’’من کی بات‘‘ میں سری کڈمبی کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے‘‘۔ تنڈولکر نے کہاکہ ’’چمپئن‘‘ سریکانت پر اُنھیں فخر ہے۔
کرکٹر ویریندر سہواگ، ہاکی انڈیا کے سابق کپتان ویرین راسقنہا، ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا، ڈنمارک کے شٹلر ماتھیاس بو نے بھی کڈمبی سریکانت کو مبارکباد دی۔