سرینگر ۔ 2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) جموںو کشمیر کو پورے ملک سے جوڑنے والی سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ آج مسلسل تیسرے رروز بھی بند رہی چونکہ سردی گزشتہ تین دنوں سے اپنے شباب پر ہے اور پہلگام کو اس وقت کشمیر کاسرد ترین علاقہ قرار دیاگیا ہے جہاں درجہ حرارت منفی 12.2 ڈگری سیلسئس تک پہنچ چکا ہے ۔دریں اثناء محکمہ ٹرافک کے ترجمان نے بتایا کہ قومی شاہراہ کو آج بھی بند رکھا گیا ہے لیکن وہاں ٹھہری ہوئی گاڑیوں کو سرینگر کی جانب پیشرفت کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن ان کے علاوہ دیگر گاڑیوں کو قومی شاہراہ پر آنے نہیں دیا جائے گا ۔ منگل کے روز شدید برفباری کے بعد قومی شاہراہ کو ٹرافک کے لئے بند کردیا گیا تھا۔ اسکینگ کے لئے مشہور گلمرگ میں درجہ حرارت 11.00 ڈگری سیلسئس منفی نوٹ کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش اور برفباری کی پیش قیاسی کی ہے ۔
کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں
عمر عبداﷲ کا دورہ
سرینگر ۔ 2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ شدید برفباری کی وجہ سے وادی کشمیر کا رابطہ ملک کے دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے ، وزیراعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداﷲ نے وادی کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہمہ وقت چوکس رہیں اور عوام کی ضرورتوں اور مشکلات کو دور کرنے کو اولین ترجیح دیں۔ جنوبی کشمیر میں متاثرہ علاقوں میں راحت کاری کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے انھوں نے یہ بات کہی ۔ انھوں نے مزید کہا کہ متعلقہ افسران کو ہمہ وقت چوکس رہتے ہوئے عوامی کالس کی بروقت پذیرائی کرنی چاہئے تاکہ اس نوعیت کے چیلنجوں سے نمٹا جاسکے۔