سرینگر کیلئے ادویات کے ساتھ ڈاکٹرس اور ماہرین کی ٹیم روانہ

نئی دہلی۔/12ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر میں آئے زبردست سیلاب سے متاثرین کی امداد کیلئے راحت کاری آپریشن میں وزارت صحت بھی شامل ہوگئی ہے جہاں وہ 10ٹن ادویات، پانی کو صاف کرنے والے پلانٹس اور ڈاکٹروں و ماہرین کی ٹیموں کو سرینگر روانہ کیا گیا ہے۔ 20رکنی طبی ماہرین جن میں فزیشینس، بچوں کے علاج کے ماہرین اور ری پروڈکٹیو ہیلتھ اسپیشلٹس شامل ہیں، کو سرینگر میں تعینات کیا گیا ہے۔ سرکاری بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایک 10رکنی ٹیم 10ستمبر سے وہاں موجود ہے۔ وزارت صحت نے اس سلسلہ میں ریاست کے بارے میں پل پل کی خبر سے واقفیت کیلئے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے۔ جموں و کشمیر حکومت نے درخواست کی تھی کہ 23اقسام کی ادویات سربراہ کی جائے جس پر فوری عمل آوری کرتے ہوئے وزات صحت نے فی الحال پانچ اقسام کی ادویات روانہ کردی ہیں اور 13ادویات کو مرحلہ وار طور پر سربراہ کیا گیا جبکہ مابقی پانچ ادویات کی تیاری بھی جاری ہے۔

اس طرح اب تک 100 ٹن ادویات سرینگر روانہ کی جاچکی ہیں۔ ایر فورس کے خصوصی طیارہ سے کلورین 998500 ٹیبلیٹس بھیجی گئی ہیں۔ دوسری طرف انڈین ریڈ کراس سوسائٹی نے بھی 1082 خیمے ( ہر خیمہ میں آٹھ افراد کی گنجائش )،750ٹارپولین،1000کچن سیٹس اور 2500بلانکٹس بھی بطور امداد فراہم کی ہے جبکہ پانی کو خالص بنانے دو بڑے واٹر پیوریفکیشن پلانٹس بھی وہاں نصب کئے گئے ہیں جن میں فی پلانٹ 50,000 لیٹر یومیہ پانی کو خالص بنانے کی گنجائش ہے۔فوج اور این ڈی آر ایف نے اب تک 1,27,000 افراد کو بچالیا ہے ۔ دوسری طرف سرینگر کے مہجور نگر میں لوگ زیر آب آئے علاقوں میں اب تک دیوانہ وار اپنے گمشدہ افراد خاندان کو تلاش کررہے ہیں۔ مقامی افراد ایک سکھ خاتون کی تلاش میں سرگرداں نظر آرہے ہیں جس کے پانچ روز قبل سیلاب میں غرق ہوجانے کے اندیشے ظاہر کئے جارہے ہیں۔

کشمیری سیلاب متاثرین کے لئے عام آدمی پارٹی کی امداد
نئی دہلی 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر سیلاب متاثرین کو راحت پہنچانے اور ان کے بچاؤ کے لئے جاری امدادی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے فی کس 20 لاکھ روپئے عطیہ دیں گے۔ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کشمیر ریلیف فنڈ میں اپنے تمام ارکان اسمبلی کی جمع کردہ امدادی رقم 5.40 کروڑ روپئے دیئے جائیں۔ پارٹی کے سینئر لیڈر منیش شیسوڈیا نے کہا کہ یہ فیصلہ جموں و کشمیر میں راحت کاری کاموں کے لئے امدادی رقم جمع کرنے سے متعلق کیا گیا ہے۔