سرینگر 15جون (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے نواب بازار علاقہ میں جمعہ کے روز جنگجوؤں نے ڈینٹل کالج کے نذدیک ریاستی پولیس کی ایک پارٹی کو نشانہ بناکر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو پولیس ملازمین اور دو عام شہری زخمی ہوئے ۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ‘جنگجوؤں نے جمعہ کو قریب سہ تین بجے نواب بازار میں ڈینٹل کالج کے نزدیک ریاستی پولیس کے ناکہ کو نشانہ بناکر فائرنگ کی۔ اس میں ریاستی پولیس کے دو اہلکار اور دو شہری زخمی ہوئے ‘۔ انہوں نے بتایا ‘زخمیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے نذدیک میں واقع ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا ہے ‘۔ زخمی پولیس ملازمین کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل حبیب اللہ اور ایس پی ایف کفایت کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ہیڈکانسٹیبل کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، تاہم فوج نے انہیں تلاش کرنے کے لئے علاقہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے ۔