سرینگر۔/26نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سرینگر انٹر نیشنل ایرپورٹ میں پھنسے ہوئے مسافرین کو اسوقت راحت ملی جب کہر اور دھند کی وجہ سے گزشتہ تین دن سے معطل ایر ٹریفک کو آج بحال کردیا گیا۔ ڈائرکٹر ایرپورٹ اتھاریٹی آف انڈیا سرینگر مسٹر آر کے شنڈے نے بتایا کہ آج دوپہر دہلی سے 2طیاروں کی آمد اور ایک سرکاری طیارہ چیف منسٹر مفتی سعید کو لیکر روانہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ 4یوم کے بعد آج سب سے پہلے اسپائس جیٹ کی فلائیٹ پہنچی اور بعد ازاں انڈیگو طیارہ کی لینڈنگ ہوئی۔ علاوہ ازیں چیف منسٹر بھی اپنے بعض کابینی رفقاء کے ساتھ جموں کیلئے روانہ ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ موسم بہتر ہونے پر طیاروں کی آمدورفت میں اضافہ کردیا جائے گا۔ اگرچیکہ صبح کے اوقات میں خراب موسم کے باعث بعض فلائیٹس کی آمدورفت میں تاخیر ہورہی ہے ۔