سرینگر۔ 2 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے گرمائی درالحکومت سری نگر میں یوم آزادی کی تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے اور جنگجوؤں کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے موٹر سائیکلوں ، گاڑیوں اور ان میں سوار افراد کی تلاشی لینے کا سلسلہ مزید وسیع اور تیز کردیا ہے ۔ ریاستی پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں کی جانب سے شہر میں مختلف مقامات پر ناکے بٹھائے گئے ہیں جہاں، موٹر سائیکلوں، گاڑیوں ، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ سری نگر کے سیول سکریٹریٹ سے تین سو میٹر کی دوری پر واقع محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کے ہیڈکوارٹرس کے سامنے پولیس نے ایک ناکہ بٹھایا ہے جہاں مضافات سے آنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے اور اِن میں سوار افراد کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ شناختی کارڈ چیک کئے جارہے ہیں۔ ایسے ہی ناکے سیول لائنز میں بڈشاہ چوک، مولانا آزاد روڑ، ریگل چوک اور شیر کشمیر اسٹیڈیم کے نذدیک بٹھائے گئے ہیں جہاں گاڑیوں کی تلاشی لینے کے علاوہ راہگیروں سے پوچھ گچھ بھی کی جارہی ہے ۔ بتادیں کہ سیکورٹی فورسز نے سری نگر کے بتہ مالو علاقہ میں 24 جولائی کو ہونے والے جنگجویانہ حملے کے پیش نظر شہر بھر میں پہلے ہی چوکسی بڑھانے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشی لینے کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔ جنگجوؤں نے 24 جولائی کو دن دھاڑے بتہ مالو علاقہ میں فائر اینڈ ایمرجنسی ہیڈکوارٹر کے نذدیک سی آر پی ایف کی ایک پارٹی پر حملہ کرکے ایک اہلکار کو ہلاک جبکہ دوسرے ایک کو زخمی کردیا۔ جہاں یہ حملہ ہوا وہاں سے سول سکریٹریٹ سری نگر، پولیس کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ پولیس لائنز سری نگر کچھ ہی دوری پر واقع ہیں۔