سرینواس یادو کی انتخابی مہم کا کل سے آغاز

حلقہ اسمبلی صنعت نگر سے بھاری اکثریت سے کامیابی کی امید
حیدرآباد ۔ 3 نومبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر قائد و کارگذار ریاستی وزیر سنیماٹو گرافی و بہبود قبائل اس مرتبہ بھی صنعت نگر سے مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہیکہ وہ 4 نومبر کو بنسی لال پیٹ سے اپنی انتخابی مہم و پدیاترا کا آغاز کریں گے۔ 3 ڈسمبر تک وہ اپنے حلقہ اسمبلی کے تمام علاقوں، محلہ جات و بستیوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گے۔ ان کا دعویٰ ہیکہ 2014ء کی طرح اس مرتبہ بھی انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ سرینواس یادو تلگودیشم کے ایک طاقتور قائد تصور کئے جاتے تھے اب ان کا شمار ٹی آر ایس کے بااثر اور عوامی قائدین میں ہوتا ہے۔ وہ ماضی میں وزیرسیاحت و وزیرلیبر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ڈیری ڈیولپمنٹ سمکیات و افزائش کے بھی اضافی قلمدان ان کے پاس تھے۔ سرینواس یادو کا دعویٰ ہیکہ کے سی آر حکومت نے عوامی خدمات کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں جو ہمارے ملک میں مثالی ہیں۔