سریش پٹیل کا مقدمہ :2 امریکی افسران کے ناموں سے دستبرداری

واشنگٹن۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی میں مبینہ پولیس زدوکوب کے سبب مفلوج ہونے والے سریش بھائی پٹیل کے وکیل نے حیرت انگیز قدم اٹھاتے ہوئے میڈیسن پولیس محکمہ کے خلاف دائر کردہ مقدمہ میں ترمیم کرتے ہوئے ان دو پولیس افسران کے ناموں کو حذف کردیا جو اس ضعیف ہندوستانی پر ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال کے ملزم بنائے گئے تھے۔ 12 فروری کو دائر کردہ ابتدائی مقدمہ میں میڈیسن پولیس اور دو نامعلوم افسران پولیس کے خلاف اپیل کی گئی تھی، تاہم سریش پٹیل کے وکیل بینک ہینک شیروڈ قانونی درخواست میں ترمیم کرتے ہوئے دو نامعلوم افسران کو حذف کردیا تاہم فی الحال میڈیسن پولیس میں صرف ایک زیرتربیت افسر ایرک پیٹرک کا نام باقی رکھا گیا ہے۔ اس واقعہ سے متعلق ویڈیو فٹیج میں واضح طور پر تین پولیس افسران کو بتایا گیا تھا۔ ایرک پیٹرک اس ضعیف ہندوستان کو زدوکوب کررہا تھا اور وہاں موجود دیگر دو پولیس افسران نے پیٹرک کو روکنے کی کوشش نہیں کی تھی۔