حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر سریدھر کرشنا ریڈی کے علاوہ دوسرے ارکان اسمبلی کی تلگو دیشم میں شمولیت کا امکان ہے ۔ ریاستی وزیر مسٹر شلیجہ ناتھ نے اس کو نا ممکن قرار دیا ہے ۔ کافی دنوں سے یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ ریاستی وزیر مسٹر جی سرینواس راؤ کے علاوہ سیما آندھرا کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے 4 ارکان اسمبلی تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ آج اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے ضلع نیلور کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر سریدھر ریڈی نے کہا کہ وہ آئندہ ماہ فروری کے پہلے ہفتے میں دوبارہ تلگو دیشم پارٹی میں شامل ہوجائیں گے ۔ واضح رہے کہ سریدھر کرشنا ریڈی ماضی میں تلگو دیشم کی نمائندگی کرچکے تھے ۔ چرنجیوی کی جانب سے پارٹی تشکیل دینے کے بعد پرجا راجیم کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے پرجا راجیم کو کانگریس میں ضم کرنے کے بعد کانگریس کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں ۔
اسمبلی کی لابی میں ریاستی وزیر مسٹر شلیجہ ناتھ اور تلگو دیشم کے رکن اسمبلی مسٹر پی کیشو نے بھی ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر ایک دوسرے سے تبادلہ خیال کیا ۔ بعد ازاں ریاستی وزیر شلیجہ ناتھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کا پارٹی تبدیل کرنا آسان نہیں ہے ۔ ہمارے سامنے ارکان اسمبلی کی وفاداریاں تبدیل کرنا کوئی موضوع بحث نہیں ہے ۔ تلنگانہ مسودہ بل کو شکست دینے کے لیے تمام ارکان اسمبلی جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر متحد ہورہے ہیں اور اس پر ہی زیادہ توجہ دی جارہی ہے ۔ ریاستی وزیر نے تلگو دیشم کے رکن اسمبلی مسٹر پی کیشو کو اسمبلی میں مسودہ تلنگانہ بل کے مباحث میں تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ مسٹر پی کیشو نے کہا کہ مسودہ تلنگانہ بل کے مباحث پر کوئی اعتراض نہیں ہے تاہم مباحث سے قبل مکمل معلومات ہمیں فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔۔