حیدرآباد ۔ 5 ؍ جنوری ( این ایس ایس ) تلنگانہ کے سینئر کانگریس لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن وی ہنمنت راؤ نے وزارت امور مقننہ سے محروم کئے جانے والے وزیر ڈی سریدھر کے ساتھ آہانت آمیز سلوک دراصل سارے علاقہ تلنگانہ کے عوام کی توہین ہے ۔ مسٹر ہنمنت راو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر این کرن کمارریڈی اب ڈی سریدھر بابو کے مکتوب استعفے کو محبت نامہ ( لو لیٹر) قرار دے رہے ہں جس سے ان (کرن کماریڈی) کی گھناونی ذہنیت ‘ ہٹ دہرم اور گروہ پرور رویہ کا کا اظہار ہوتا ہے ۔
ہنمنت راؤ جو اندرا وجئے یاترا کے تیسرے دن محبوب نگر پہونچے ۔ ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے دفتر پر کچھ دیر کے لئے توقف کیا اور میڈیا نمائندوں سے خطاب کیا ۔ ہمنت راؤ نے کہا کہ کرن کمار ریڈی اگرچہ رشوت ستانی کے خلاف اظہار خیال کر رہے ہیں لیکن جیسے ہی وہ چیف منسٹر کے عہدہ پر سبکدوش ہوں گے ان کا اصل رنگ ظاہر ہوجائیگا ۔ ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے آبائی ضلع چتور سے کروڑں روپئے مالیتی سرخ صندل کی اسمگلنگ کی جا رہی ہے جو اس میں ان کے ملوث ہونے کا واضح ثبوت ہے ۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد عظیم الشان جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو بھی مدعو کیا جائے گا جن کی کوششوں سے علیحدہ تلنگانہ کا 57 سالہ خواب شرمندہ تعبیر ہورہا ہے۔