حیدرآباد /31 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) سال 2015 پرانے شہر کے قدیم روڈی شیٹرس کیلئے پولیس کی جانب سے ایک سوغات ثابت ہو رہا ہے ۔ گذشتہ کئی سالوں سے تقریباً 20 سال سے روڈی شیٹر کا لیبل لئے گھومنے والے کل سے عام شہریوں کے زمرے میں آجائیں گے ۔ سٹی پولیس نے عوام دوست پالیسیوں کے تحت غیر سرگرم روڈی شیٹرس کی شیٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس خصوص میں آج پرانے شہر میں روڈی شیٹرس میلہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا کی قیادت میں منعقدہ اس روڈی شیٹرس میلہ میں پہلے مرحلے کے تحت تقریباً 50 روڈی شیٹس بند کردئے گئے ۔ تاہم ان روڈی شیٹرس میں جن میں زائد عمر والے بیماریوں کا شکار معذورین اور 25 سال سے قدیم روڈی شیٹرس ہیں ۔ جن میں چند ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کی محض ایک معاملہ کے تحت روڈی شیٹ کھولی گئی تھی ۔ سٹی پولیس جہاں ایک طرف سرگرم اور بدنام زمانہ روڈی شیٹر کے خلاف انسداد غنڈہ گردی پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی جاری ہے ۔ وہیں پولیس نے غیر سرگرم روڈی شیٹرس کی شیٹ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈی ایس پی ساؤتھ زون نے ان روڈی شیٹرس کو جن کی شیٹس بند کردی گئیں انہیں ک ردار کا سرٹیفکیٹ دیا
اور ان سے اس بات کا حلف لیا کہ وہ آئندہ ایسی کسی بھی حرکت میں ملوث نہ رہیں ۔ ساتھ ہی ڈی سی پی ساؤتھ زون نے انہیں انتباہ بھی دیا کہ وہ کسی بھی غیر سماجی حرکت کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی ۔ اس موقع پر روڈی شیٹرس نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں نئی زندگی کے آغاز کا موقع ملا ہے اور پولیس نے انہیں یہ موقع فراہم کیا ہے ۔ رین بازار علاقہ کے ساکن محمد اسلم ہاشمی جن کی شیٹ بند کردی گئی ہے ۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کیا ۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون نے اس نوجوان کو تاکید کی کہ وہ اپنی زندگی کو اچھی طرح سے بسر کرے ۔ اسلم ہاشمی ڈی فارما کا طالب علم بتایا گیا ہے ۔ اس کے مکان میں والد بشمول اس کے دو بھائیوں کے خلاف رین بازار پولیس اسٹیشن میں روڈی شیٹ کھولی گئی تھی ۔ اسلم ہاشمی کے والد فاروق ہاشمی نے بتایا کہ اپنے بیٹے کی شیٹ بند کرنے کے اقدام پر پولیس سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ایک خاندانی معاملہ میں اقدام قتل مقدمہ کے تحت ان کے خلاف روڈی شیٹ کھولی گئی تھی ۔ اسلم کے ایک بھائی ایم بی اے اور ایک بھائی بی کام میں زیر تعلیم ہے ۔ سال 2013 میں رین بازار پولیس نے ان کے خلاف کارروائی کی تھی ۔ انہوں نے پولیس کے اقدام پر مسرت ظاہر کی ۔ اس میلہ میں پہونچنے شاہ علی بنڈہ کے کمیونل روڈی شیٹرس تین بھائیوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ محمد ارشاد اور ان کے بھائیوں کے خلاف سال 2010 میں روڈی شیٹ کھولی گئی تھی اور سال 2012 میں بند بھی کردی گئی ۔ تاہم ڈی ایس پی نے ان کی درخواست پر غور کرنے کی بات کی ۔ اس روڈی شیٹر میلہ کے موقع پر ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنا نے بتایا کہ ساؤتھ زون کے 17 پولیس اسٹیشن میں 581 روڈی شیٹرس پائے جاتے ہیں ۔جن میں 150 کمیونل روڈی شیٹرس ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ایسے روڈی شیٹرس کی شیٹس بند کی گئی جو بیمار ، معذور اور تقریباً 20 تا 25 سال سے روڈی شیٹ کا سامنا کر رہے ہیں اور ان میں ایسے ہیں جو غیر سرگرم اور ان کا رویہ بہتر ہے ۔ پولیس نے ان کے کردار اور رویہ کی جانچ کے بعد ہی روڈی شیٹس بند کرنے کا فیصلہ کیا اور تقریباً 50 شیٹ بند کردی گئیں ۔ انہوں نے بتایاکہ آئندہ مزید روڈی شیٹس کو بند کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر ا یڈیشنل ڈی سی پی بابو راؤ ، اے سی پی فلک نما عبدالباری ، اے سی پی میر چوک گنگادھر کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے ۔