سرکردہ مسلم گروپ و قائدین آئی ایس آئی ایس کے مخالف

واشنگٹن ، 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر سے مسلم گروپوں اور قائدین بشمول امریکہ سے تعلق رکھنے والوں نے اسلامک اسٹیٹ جسے دولت اسلامیہ عراق و شام یا آئی ایس آئی ایس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، اس کی جانب سے نہایت جارحانہ روش کی سخت الفاظ میں مذمت کی ، اور اس انتہا پسند تنظیم کے برتاؤ کو ’’غیراسلامی‘‘ قرار دیا ہے۔ کونسل برائے امریکی۔ اسلامی تعلقات نے جو امریکہ کی سب سے بڑی مسلم سیول رائٹس کی تنظیم ہے، کہا : ’’ہم اس سفاکانہ اور نہایت جارحانہ ہلاکت کی

سخت مذمت کرتے ہیںکہ یہ لڑائیوں کے دوران قیدیوں اور صحافیوں کی حفاظت سے متعلق اسلامی شعار اور آفاقی طور پر مسلمہ بین الاقوامی قواعد کی خلاف ورزی ہے ‘‘۔ تنظیم اسلامی تعاون کے معتمد عمومی ایاد امین مدنی نے بھی اس عمل کی مذمت کی جس کا آئی ایس آئی ایس نے موصل اور نینوا میں بے قصور عیسائی عراقیوں کے خلاف ارتکاب کیا ہے۔ نیز انھیں جان سے مار ڈالنے کی دھمکی دے کر جبراً نقل مکانی پر مجبور کردیا، جس سے عراقی عوام کا سماجی تانا بانا مزید بکھرا ہے۔ حال میں سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز الشیخ نے آئی ایس آئی ایس کو ’’اسلام کا دشمن نمبر ایک‘‘ قرار دیا ہے۔ آئی ایس آئی ایس القاعدہ سے علحدہ شدہ گروپ ہے اور اس نے عراق اور شام میں سینکڑوں مربع میل پر قبضہ کررکھا ہے۔