سرکردہ ماویسٹ لیڈر کو باڈ گھاندی کی عبوری ضمانت ابتر صحت کے پیش نظر عدالت میں عرضی منظور

نئی دہلی ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : سرگروہ ماویسٹ لیڈر کو باڈ گھاندی جن پر ممنوعہ سی پی آئی ( ماویسٹ ) کی سرگرمیوں کو پھیلانے کا الزام ہے ۔ دہلی کی ایک عدالت نے آج انہیں صحت کی بنیاد پر 3 ماہ کی عبوری ضمانت منظور کردی اور بتایا کہ 65 سالہ گھاندی جو کہ ستمبر 2009 سے جیل میں محروس ہیں مختلف امراض کا شکار ہیں اور مقدمہ کی سماعت کے دوران ان کی صحت بگڑتے جارہی ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج رتیش سنگھ نے کہا کہ حقائق اور حالات کے مدنظر میں کوباڈ گھاندی کی عبوری ضمانت منظور کرتا ہوں جس کے لیے انہیں ایک لاکھ کا مچلکہ اور اس رقم کے برابر ضمانتیں داخل کرنا ہوگا ۔ عدالت میں فی الحال استغاثہ کے ثبوت کی ریکارڈ کئے جارہے ہیں جس میں گھاندی اور ان کے ایک ساتھی راجندر کمار عرف ارویند جوشی ملزم ہیں ۔ ان دونوں کے خلاف قانون انسداد غیر قانونی سرگرمیاں (UPAP) کے تحت کیس دائر کیا گیا ہے ۔ مسٹر کوباڈ گھاندی نے باوقار ڈون اسکول اور سینٹ زاویرس کالج ممبئی سے تعلیم حاصل کی اور ملک کے مختلف مقامات پر 20 سے زائد فوجداری اور دہشت گردی کے کیسوں کا سامنا کررہے ہیں ۔ وہ سی پی آئی (ماویسٹ ) پر پابندی کے بعد بھی سنٹرل کمیٹی ممبر کی حیثیت سے برقرار ہیں۔۔