نئی دہلی۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سرکردہ ایڈیٹر اور تبصرہ نگار ونود مہتا کا بعمر 73 سال آج انتقال ہوگیا۔ انہیں شش کا عارضہ لاحق تھا۔ 1942ء کے دوران راولپنڈی میں پیدا ہوئے مہتا تین سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ لکھنؤ منتقل ہوگئے تھے۔ انہوں نے اپنے طویل صحافتی کیریئر کے دوران کئی اخبارات اور میگزینس نکالے۔ مسٹر مہتا ’آؤٹ لُک‘ کے بانی اور ایڈیٹوریل چیرمین تھے۔ انہوں نے ’سنڈے آبزرور‘، ’انڈین پوسٹ‘، ’دی انڈیپنڈنٹ‘ کے علاوہ ’دی پائیونیئر‘ (دہلی ایڈیشن بھی) کامیابی کے ساتھ نکالا تھا۔ مہتا نے ابتدائی دور میں برطانوی نیم مضافاتی علاقہ کی ایک فیکٹری میں بھی کام کیا تھا اور 1974ء میں انہیں مردوں کے میگزین ’ڈیبونیر‘ کی ادارت کی پیشکش کی گئی تھی۔ وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ، بالی ووڈ کی اہم شخصیات اور دوسروں نے تعزیت کا اظہار کیا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی، بی جے پی سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کے علاوہ مرکزی وزراء اور دیگر قائدین نے آخری رسومات میں شرکت کی۔