سرکار ی محکمہ جات میں 4 فیصد مسلم تحفظات پر عمل آوری

اقلیتی کمیشن کو چار اداروں کی رپورٹ پیش، صدرنشین محمد قمرالدین کا چیف سکریٹری کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سرکاری محکمہ جات میں بی سی ای زمرہ کے تحت مسلمانوں کیلئے 4 فیصد تحفظات پر عمل آوری کے سلسلہ میں تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے مختلف محکمہ جات سے تفصیلات طلب کی ہیں۔ مختلف اداروں اور محکمہ جات کی جانب سے ملازمین کی تعداد اور 4 فیصد پر عمل آوری کے ساتھ رپورٹ کمیشن کو روانہ کی جارہی ہے ۔ ڈائرکٹر جنرل تلنگانہ اسپیشل پروٹیکشن فورس ، کمشنر و ڈائرکٹر یوتھ سرویسز ، اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ کمیشن پر بیاک ورڈ کلاسیس اور مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ ایس سی کوآپریٹیو ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین کو آج رپورٹ روانہ کی ۔ جس میں کہا گیا کہ حکومت کے فیصلہ کے مطابق ملازمتوں میں 4 فیصد تحفظات پر عمل آوری جاری ہے۔ مذکورہ اداروں میں جائیدادوں کی تقسیم اور مخلوعہ جائیدادوں کے بارے میں کمیشن کو واقف کرایا ۔ واضح رہے کہ محمد قمرالدین نے چیف سکریٹری کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تمام سرکاری محکمہ جات سے 4 فیصد تحفظات پر عمل آوری کی تفصیلات طلب کرنے کی خواہش کی تھی ۔ چیف سکریٹری کی جانب سے تمام محکمہ جات اور اداروں کو مکتوب روانہ کیا گیا تاکہ تفصیلات کمیشن کو پیش کی جاسکے ۔ محمد قمرالدین نے کہا کہ کمیشن 4 فیصد پر عمل آوری کو یقینی بنائے گا۔ جن اداروں میں جائیدادیں مخلوعہ ہیں، ان پر تقررات کی ہدایت دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام محکمہ جات سے رپورٹ ملنے کے بعد کمیشن حکومت کو سفارشات روانہ کرسکتا ہے تاکہ تحفظات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے قیام کے بعد سے اقلیتوں سے متعلق کئی اہم امور میں محکمہ جات اور یونیورسٹیز کو نوٹس جاری کی ہے۔ کمیشن کی نمائندگی پر کئی مسائل کی یکسوئی ہوئی اور اقلیتوں کو انصاف ملا۔ اقلیتی کمیشن تعلیمی اداروں میں اردو ذریعہ تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔ سرکاری محکمہ جات میں اردو کے بحیثیت دوسری سرکاری زبان استعمال کو یقینی بنانے ہدایات جاری گئیں۔ اردو اکیڈیمی کے اشتراک سے سرکاری محکمہ جات کے سائن بورڈس پر تلگو اور انگریزی کے ساتھ اردو کو شامل کرنے کی مہم شروع کی گئی ۔