سرکاری ہاسٹل میں لڑکیاں کھلے عام رفع حاجت پر مجبور

داموہ (ایم پی) 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ایک سرکاری ہاسٹل کی زائداز 100 طالبات بیت الخلاؤں میں پانی کی قلت کی وجہ سے کھلے عام رفع حاجت اور نہانے پر مجبور ہیں، ہاسٹل کی وارڈن نے یہ بات کہی۔ یہ حال ایسے وقت منظر عام پر آیا ہے جب ہر ریاست ’کھلے عام رفع حاجت سے پاک‘ کا موقف حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ ضلع ہیڈکوارٹرس سے تقریباً 7 کیلو میٹر کی دوری پر موضع مدیادوہ میں واقع ہاسٹل میں ٹائیلٹس ہیں لیکن پانی کی قلت نے اُنھیں بے مصرف بنادیا۔ چنانچہ اسٹوڈنٹس کو کھلے عام رفع حاجت پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔ ہاسٹل کی وارڈن کانتی اہیروار نے کہاکہ ہاسٹل میں چھٹی تا بارہویں جماعت کی طالبات مقیم ہیں اور اُنھیں یہ مسئلہ گزشتہ ایک ماہ سے درپیش ہے۔ یہاں مقیم زائداز 100 لڑکیوں کو ہاسٹل سے تقریباً 2 کیلو میٹر دور نالے کے قریب تک جانا پڑتا ہے تاکہ رفع حاجت سے فارغ ہوسکیں کیوں کہ ہاسٹل میں پانی کی سربراہی نہیں ہورہی ہے۔