سرکاری ہاسٹلوں میں طلباء کے میس چارجس میں اضافہ کا اعلان، چیف منسٹر کا عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس

حیدرآباد ۔ 29۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں طلبہ کے میس چارجس میں اضافہ سے متعلق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اسمبلی میں اعلان کے بعد متعلقہ محکمہ جات میں سرکاری احکامات کی اجرائی کی تیاری شروع کردی ہے۔ میس چارجس میں اضافہ کے اعلان پر آئندہ تعلیمی سال سے عمل آوری کی جائے گی ۔ تاہم طلبہ تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ بقایا جات میں اضافہ کرتے ہوئے میس چارجس ادا کئے جائیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں میس چارجس میں اضافہ سے سرکاری خزانہ پر پڑنے والے بوجھ کے بارے میں مشاورت کی ہے۔ ہاسٹلس میں زیر تعلیم طلبہ کو 4 زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ سرکاری ہاسٹلس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ ، کالج سے منسلک ہاسٹل میں مقیم طلبہ ، طلبہ کی جانب سے چلائے جانے والے ہاسٹلس اور ڈے اسکالر طلبہ شامل ہیں۔ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق سرکاری ہاسٹلس میں زیر تعلیم طلبہ کی تعداد تقریباً 4 لاکھ ہے۔ پری میٹرک کے تحت تیسری تا ساتویں جماعت کے طلبہ کو موجودہ اسکالرشپ کی رقم ماہانہ 750 سے بڑھاکر 950 کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ آٹھویں تا دسویں جماعت تک کے طلبہ کو موجودہ 850 روپئے میں اضافہ کرتے ہوئے ماہانہ 1100 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ پوسٹ میٹرک کے تحت انٹر تا ڈگری تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو 1050 میں اضافہ کرتے ہوئے ماہانہ 1400 روپئے ادا کئے جائیں گے۔ کالج سے منسلک ہاسٹلس ، طلبہ کی جانب سے چلائے جانے والے ہاسٹلس اور ڈے اسکالرس کے سلسلہ میں چار زمرے جات بنائے گئے ہیں۔ ان طلبہ کی تعداد تقریباً 13 لاکھ بتائی جاتی ہے ۔ چار زمرہ جات میں پیشہ ورانہ کورسس ، پی جی کورسس ، ڈگری طلبہ اور انٹر میڈیٹ کے طلبہ شامل ہیں۔ پروفیشنل کورسس کے ہاسٹل میں مقیم طلبہ کو ماہانہ 962 روپئے کے بجائے 1500 روپئے بطور میس چارجس ادا کئے جائیں گے۔ پوسٹ گریجویشن طلبہ کے میس چارجس میں 682 کو بڑھاکر 1500 کیا گیا ہے ۔ ڈگری طلبہ کے میس چارجس کو 520 روپئے سے بڑھاکر 1000 کر نے کا فیصلہ کیا گیا ۔ انٹرمیڈیٹ طلبہ کے میس چارجس 520 روپئے کے بجائے 750 روپئے ادا کئے جائیں گے ۔ طلبہ کی جانب سے چلائے جانے والے ہاسٹلس اور ڈے اسکالرس کے زمرہ میں بھی میس چارجس میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ ان دونوں زمرہ جات کے تحت پروفیشنل کورسس کے طلبہ کو 442 روپئے کے بجائے 650 روپئے ماہانہ ادا کئے جائیں گے ۔ پی جی کورسس کے طلبہ کو موجودہ 442 روپئے کے بجائے 650 ادا کئے جائیں گے۔ ڈگری طلبہ کو 325 کے بجائے 500 اور انٹر طلبہ کو 325 کے بجائے 500 روپئے  ماہانہ بطور میس چارجس ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میس چارجس میں اضافہ سے 18 لاکھ طلبہ کو فائدہ پہنچ سکتا ہے جس سے سرکاری خزانہ پر سالانہ 117 کروڑ روپئے کا بوجھ پڑے گا۔ چیف منسٹر کی جانب سے اسمبلی میں اعلان کے بعد ریاست بھر سے طلبہ تنظیمیں اور بی سی تنظیموں کے قائدین ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔