ویشالی ( بہار ) 6 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) تحفظات مسئلہ کو ہوا دیتے ہوئے راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے آج مطالبہ کیا کہ انتہائی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کیلئے سرکاری گتوں میں 60 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں ۔ لالو پرساد یادو نے آر جے ڈی کے 18 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انتہائی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو سرکاری کنٹراکٹس اور ٹنڈرس میں 60 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملہ میں پسماندہ طبقات بہت پیچھے ہیں۔ راشٹریہ جنتادل اس کیلئے جدوجہد کریگی اور انہیں یہ حق دلائیگی ۔ لالو پرسادو نے اس دو روزہ تقریب سے کل بھی خطاب کرتے ہوئے منڈل مسئلہ اٹھایا تھا اور انہیں امید ہے کہ اس مسئلہ پر انہیں بہار میں اقتدار مل سکتا ہے ۔ انہوں نے بہار بی جے پی قائدین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ قائدین انہیں مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ان کیلئے ان قائدین کی تنقیدیں اور ریمارکس کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور نہ وہ اس کا جواب دینگے ۔