دفاعی اراضیات کی ریاستی حکومت کو منتقلی کی بھی خواہش ‘ چیف منسٹر کی ارون جیٹلی سے ملاقات
حیدرآباد 3 ستمبر ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے حکومت تلنگانہ کوتیقن دیا ہے کہ جی ایس ٹی کونسل کی جانب سے سرکاری پراجیکٹس پر جی ایس ٹی کے ٹیکس ڈھانچہ کو کم کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔ ریاستی حکومت نے مرکز سے اس کی خواہش کی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دفتر سے جاری کردہ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ارون جیٹلی نے ‘ جو دفاع کا قلمدان بھی رکھتے تھے ‘ اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ وہ دفاعی اراضیات کی ریاستی حکومت کو منتقلی کے اقدامات بھی کرینگے تاکہ انہیں نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر اور سڑکوں کی توسیع کیلئے استعمال کیا جاسکے ۔ کے سی آر نے ارون جیٹلی سے نئی دہلی میں ملاقات کی ۔ تلنگانہ نے قبل ازیں مرکزی حکومت سے درخواست کی تھی کہ وہ وزارت دفاع کی بائسن پولو گراونڈ سکندرآباد ( پریڈ گراونڈ ) کی اراضی ایک نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر کیلئے ریاستی حکومت کو منتقل کرے ۔ اس کے علاوہ حکومت نے کریمنگر اور میڑچل ہاوئی وے کی توسیع کیلئے بھی اراضیات کی منتقلی کی خواہش کی تھی ۔ وزیر فینانس نے چیف منسٹر کو یہ بھی تیقن دیا کہ جی ایس ٹی کونسل کی جانبسے سرکاری پراجیکٹس پر جی ایس ٹی کے سلاب کو کم کرنے کے تعلق سے ریاستی حکومت کی درخواست پر آئندہ اجلاس میں غور کیا جائیگا ۔ چیف منسٹر نے اس امید کا اظہار کیا کہ جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس میں ریاستی حکومت کی جانب سے ٹیکس شرح کو کم کرنے کی درخواست پر کوئی مناسب فیصلہ کیا جائیگا کیونکہ مشن بھاگیرتا اور مشن کاکتیہ اور دوسرے آبپاشی پراجیکٹس اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔ مشن بھاگیرتا ریاستی حکومت کی جانب سے اضلاع میں پینے کا صاف اور محفوظ پانی فراہم کرنے کے مقصد سے شروع کیا گیا پراجیکٹ ہے ۔