سرکاری و خانگی آئی ٹی آئیز میں آن لائن داخلے

درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 جون مقرر
حیدرآباد ۔ 23 جون (پریس نوٹ) کنوینر و ضلع رنگاریڈی و پرنسپل گورنمنٹ آئی ٹی آئی شادنگر جناب محمد حامد خان کی اطلاع کے بموجب ریاست تلنگانہ کے تمام سرکاری، خانگی، اقامتی و اقلیتی انڈسٹریل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس (آئی ٹی آئی) میں داخلوں کیلئے شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ ٹریڈ سیلبس کے لحاظ سے آٹھویں یا دسویں جماعت کامیاب امیدوار مختلف ٹریڈس میں داخلے کیلئے اہل ہوں گے۔ داخلے آن لائن، میرٹ، ریزرویشن پالیسی اور ویب آپشن کی بنیاد پر ہوں گے۔ امیدوار کی عمر کم سے کم 14 سال ہونی چاہئے جبکہ اعظم ترین حد مقرر نہیں ہے۔ امیدوار کو 27 جون شام 5 بجے سے پہلے ویب سائیٹ http://iti.telangana.gov.in پر اپنا نام رجسٹر کرواکر آن لائن درخواست داخل کرنا ہوگا اور آن لائن ہی ویب آپشن دینا ہوگا۔ ویب آپشن میں دی گئی ترجیح کے لحاظ سے نشست الاٹ کی جائے گی۔ ویب سائیٹ پر مختلف انسٹیٹیوٹس، ٹریڈس، ویریفکیشن سنٹرس اور سیلیبس کی تفصیلات موجود ہیں۔ ایک ہی آن لائن درخواست تمام سرکاری و خانگی آئی ٹی آئیز کے تمام ٹریڈس میں داخلے کیلئے کافی ہے۔ امیدواروں کو ویب سائیٹ پر دیئے گئے ویریفیکیشن سنٹر پر اپنے اصل اسنادات کی تنقیح کروانی ہوگی جوکہ 21 تا 30 جون تک جاری رہے گی۔ صرف جسمانی معذور امیدواروں کے ویریفیکیشن 2 اور 3 جولائی کو ریجنل ڈپٹی ڈائرکٹر حیدرآباد اور ورنگل اضلاع کے آفس میں ہوگا۔ داخلے کی اطلاع رجسٹرڈ موبائیل نمبر پر دی جائے گی۔

کاکتیہ یونیورسٹی پی جی داخلہ انٹرنس کے نتائج کی اجرائی
11 جولائی کو یونیورسٹی کا کانوکیشن، یونیورسٹی عہدیداروں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 23 جون (سیاست نیوز) کاکتیہ یونیورسٹی ورنگل کے حدود میں پائے جانے والے پوسٹ گرائجویشن سنٹرس میں داخلوں کیلئے منعقدہ پی جی ۔ سیٹ 2018ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ نتائج کا تناسب 88.5 فیصد رہا۔ وائس چانسلر کاکتیہ یونیورسٹی، پروفیسر سائینا، رجسٹرار کاکتیہ یونیورسٹی پروفیسر پرشوتم، کنٹرولر اگزامنیشن پروفیسر مہیندر ریڈی اور ڈائرکٹر اڈمیشن کاکتیہ یونیورسٹی مسٹر ٹی منوہر نے پی جی سیٹ 2018۔ کاکتیہ یونیورسٹی کے نتائج جاری کئے۔ وائس چانسلر کاکتیہ یونیورسٹی پروفیسر سائینا نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ پی جی سیٹ 2018ء میں اس مرتبہ جملہ 24,723 امیدواروں نے شرکت کی جن کے منجملہ 21,487 امیدوار کامیاب ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ 11 جولائی کو کاکتیہ یونیورسٹی کا کانوکیشن منعقد ہوگا۔ کانوکیشن کے انعقاد سے قبل ہی پی جی کورسیس میں داخلوں کے عمل کو جلد سے جلد مکمل کرلینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا پی جی سیٹ 2018ء کے نتائج کا کاکتیہ یونیورسٹی کے ویب سائیٹ www.kupgcet.com یا www.kakatiya.ac.in پر ملاحظہ کریں۔