ڈاکٹر محمد علی رفعت بحیثیت رکن شامل، اندرون 3 ماہ رپورٹ کی پیشکشی
حیدرآباد۔/20مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظر ثانی کیلئے پے ریویژن کمیشن قائم کیا ہے۔ چیف سکریٹری شیلندر کمار جوشی نے کمیشن کے صدرنشین اور دو ارکان کے ناموں کے ساتھ جی او ایم ایس 86 جاری کیا۔ سینئر ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار سی آر بسوال پے ریویژن کمیشن کے صدر نشین ہوں گے جبکہ دو ریٹائرڈ سینئر آئی اے ایس عہدیداروں سی اوما مہیشورراؤ اور ڈاکٹر محمد علی رفعت کو ارکان کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب پے ریویژن کمیشن جیسے اہم سرکاری ادارہ میں کسی مسلم عہدیدار کو شامل کیا گیا۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظرثانی یکم جولائی 2018 سے ہونا باقی ہے اور پے ریویژن کمیشن اس سلسلہ میں حکومت کو سفارشات پیش کرے گا۔ حکومت نے کمیشن سے خواہش کی ہے کہ وہ جائزہ حاصل کرنے کے3 ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت کے سرکاری ملازمین تنخواہوں میں اضافہ اور دیگر مطالبات کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ حال ہی میں حکومت نے ملازمین کی تنظیموں سے بات چیت کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی تھی۔مذاکرات کے بعد ملازمین کی تنظیموں کے مطالبہ پر حکومت نے پے ریویژن کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا۔ ملازمین کی تنخواہوں میں نظر ثانی یکم جولائی 2013 کو کی گئی تھی جس پر 2 جون 2014 سے عمل آوری کی گئی۔