سرکاری ملازمین کے فٹمنٹ کا 2جون سے نفاذ، جی او جاری

حیدرآباد۔/18مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اپنے تمام ملازمین، اساتذہ اور ورکرس وغیرہ کیلئے گزشتہ دنوں اعلان کردہ پی آر سی 43 فیصد فٹمنٹ کا اضافہ کرتے ہوئے آج جی او جاری کردیا۔ جی او میں بتایا گیا کہ اضافہ شدہ پی آر سی 43 فیصد فٹمنٹ کا نفاذ 2جون سے قابل عمل ہوگا لیکن تنخواہوں میں اضافہ کا عمل ماہ مارچ کی تنخواہ سے ہوگا جبکہ ماہ جون تا ماہ فبروری کی اضافہ شدہ تنخواہوں کے بقایا رقومات کیلئے علحدہ احکامات جاری کرنے کا اشارہ دیا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محض قانون ساز کونسل ارکان کیلئے منعقد ہونے والے انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل ہی تمام ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے 43فیصد فٹمنٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔ ماہ جون تا ماہ فبروری کے اضافہ شدہ بقایا جات سے متعلق رقومات کا واضح طور پر اس جی او میں تذکرہ نہیں کیا گیا ہے تاہم توقع ہے کہ اس سلسلہ میں بہت جلد علحدہ احکامات جاری کئے جائیں گے۔

تنخواہوں میں اضافہ کے احکامات کی اجرائی پر ملازمین یونین قائدین نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔