حیدرآباد۔/30اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے آج ڈی بلاک میں واقع محکمہ جات پنچایت راج اور رورل ڈیولپمنٹ کے دفاتر کا اچانک معائنہ کیا اور ملازمین و عہدیداروں کی تاخیر سے آمد پر سخت سرزنش کی۔ کے ٹی راما راؤ اگرچہ مقررہ آفس کے اوقات سے تقریباً 20منٹ بعد اچانک دفاتر پہنچے لیکن انہیں یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ کئی عہدیدار اور ملازمین ابھی تک دفتر نہیں پہنچے تھے۔ محکمہ کے 21سیکشن آفیسرس ہیں جن میں سے صرف 4 ہی مقررہ وقت پر دفتر پہنچے تھے۔ سکریٹریٹ میں واقع ان کے محکمہ کے دفاتر کی یہ صورتحال دیکھ کر وہ برہم ہوگئے اور انہوں نے پرنسپال سکریٹری ریمنڈ پیٹر کو ہدایت دی کہ تاخیر سے پہنچنے والے ملازمین کی ایک دن کی رخصت شمار کی جائے۔ تاہم بعد میں ملازمین کی درخواست پر انہوں نے کارروائی سے دستبرداری اختیار کرلی۔کے ٹی آر نے ہدایت دی کہ تاخیر سے پہنچنے والے ملازمین کے بارے میں پرنسپال سکریٹری ریمنڈ پیٹر کو رپورٹ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جب سیکشن آفیسر ہی وقت پر نہ پہنچے تو پھر دیگر ملازمین کیسے وقت پر پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ کے پرنسپال سکریٹری سے لے کر مواضعات میں موجود ولیج سکریٹری تک کیلئے وقت کی پابندی ضروری ہے تاکہ محکمہ کی کارکردگی بہتر بنائی جاسکے۔ کے ٹی آر نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وہاں موجود ملازمین سے بات چیت کی۔ ان کے معائنہ کے دوران کئی ملازمین یکے بعد دیگرے دفتر پہنچ رہے تھے اور وہ متعلقہ وزیر کو اپنے دفتر میں دیکھ کر ششدر ہوگئے۔ کے ٹی راما راؤ نے سیکشن آفیسر اور ان سے بالاتر بعض عہدیداروں کی تاخیر سے آمد کیلئے تحریراً وضاحت طلبی کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں اور ملازمین سے کہا کہ تلنگانہ حکومت اگرچہ ملازم دوست حکومت ہے لیکن کارکردگی کے سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سکریٹریٹ کے دفاتر کا یہ حال ہے تو پھر بیرونی دفاتر کا کیا حال ہوگا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سکریٹریٹ کے عہدیداروں اور ملازمین کو وقت کی پابندی اور بہتر کارکردگی کے ذریعہ دوسروں کیلئے مثال قائم کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ہمیشہ ہی ملازمین کے حق میں رہے ہیں اور حکومت نے ملازمین کے حق میں کئی فیصلے کئے۔ ہیلت کارڈ کی اجرائی، پے ریویژن کمیشن پر عمل آوری، تلنگانہ انکریمنٹ اور مرکزی حکومت کے ملازمین کے مماثل پے اسکیل جیسے اہم فیصلے کئے گئے۔ حکومت بھی توقع کرتی ہے کہ ملازمین اس خیرسگالی کے جواب میں اپنی بہتر کارکردگی کے ذریعہ تلنگانہ کی ترقی کو یقینی بنائیں گے اور حکومت سے بھرپور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی میں ملازمین کا اہم رول ہوتا ہے۔ عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کے سلسلہ میں ملازمین کو جذبہ کے ساتھ کام کرنا چاہیئے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ معائنہ کے موقع پر سیکشن آفیسرس رتبہ کے عہدیدار سمیت ملازمین مقررہ وقت سے 15تا 20منٹ گذر جانے پر بھی دفتر نہیں پہنچے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے گھر سے بہتر شروعات کی مثال قائم کرنی چاہیئے تاکہ دیگر محکمہ جات اسے اپنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ اس طرح کی تاخیر کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے پرنسپال سکریٹری ریمنڈ پیٹر کو ہدایت دی کہ وہ عہدیداروں اور ملازمین کی حاضری پر نظر رکھیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی ڈپارٹمنٹ میں بہت جلد حاضری سے متعلق بائیومیٹرک سسٹم رائج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ وقتاً فوقتاً دفاتر کا معائنہ کرتے ہوئے ملازمین کی حاضری کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی بہتر کارکردگی کے نتیجہ میں ہی سرکاری اسکیمات کے فوائد عوام تک پہنچ سکتے ہیں۔